حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کو حقوق دیتا اور ان کا تحفظ کرتا ہے ۔معاشرے میں انتہا پسندی کا فروغ قابل قبول نہیں ہے ۔ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔قائد اعظم کے پاکستان میں اقلیتوں پر حملے کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی۔مندر پرحملہ کرنے والے شرپسند ہیں۔اسلام کسی کی عبادت گاہ پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، یہ عمران خان کا ملک ہے، تمام مذاہب کا بقائے باہمی کے اصول کے تحت رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صادق آباد مندر پر حملے کے تمام ملزمان کی گرفتاری حکومت اور پولیس کا احسن اقدام ہے۔تحریک انصاف کی حکومت آئین کے مطابق اقلیتوں کی عبادت کا تحفظ یقینی بنائے گی ۔تمام پاکستانی اپنی اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ چند انتہا پسند معاشرے کو غلام نہیں بنا سکتے ۔
ایک بیان میں نیلم حیات نے کہا کہ پاکستان کا سبزہلالی پرچم اکثریت مسلمان اور اقلیت مسیحی ہندو سکھ پارسی اور دیگر غیر مسلم مذاہب کی نمائندگی کرتا ہے ۔ ہمیں انہیں ساتھ لے کر چلنا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتہا پسندی کا وہ پیغام قبول نہیں کرے گی جو آر ایس ایس بھارت میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں مسلمان مسیحیوں سکھوں کے ساتھ روا رکھے ہوئے ہے ۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پرمندر حملے کے تمام ملزمان کی گرفتاری کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت باخبر اورآگاہ ہے ،ملک میں انتہا پسندی سے پہلے جو معاشرے میں حالات پیدا ہوئے تھے انہیں دوبارہ پیدا ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ